دوست کے نام شادی میں شرکت نہ کر سکنے پر معذرت کا خط

دوست کے نام شادی میں شرکت نہ کر سکنے پر معذرت کا خط

Share With Others

امتحانی مرکز

یکم مارچ ۲۰۲۰ء

!عزیزِ من، محمد سالک

          السلام علیکم،آپ کا بھیجا ہوا خوبصورت شادی کارڈ ملا۔ یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ آپ شادی جیسے مسنون بندھن میں بندھ رہے ہیں۔یہ سوچ کر آپ کے لیے ڈھیروں دعائیں دل سے زبان پر آئیں۔لیکن دل کے کسی گوشے میں یہ اندیشہ بھی سر ابھار رہا ہے کہ اب ہماری ملاقاتیں اور رابطے محدود ہو جائیں گے کیونکہ شادی کے بعد انسان اپنے گھر کا ہو کر رہ جاتا ہے۔

          میری سمجھ میں نہیں آتا کہ میرے دل میں جو بات ہے وہ آپ سے کیسے کہوں؟ برسوں کی دوستی ہے اور آپ کے لیے بہت بڑی خوشی کا موقع بھی اور ایسے مواقع روز روز نہیں آتے لیکن نہایت افسوس کے ساتھ لکھ رہا ہوں کہ میں آپ کی شادی خانہ آبادی میں شرکت نہیں کر سکوں گا۔ یقیناً آپ یہ پڑھ کر ناراض ہو جائیں گے مگر حقیقت میں میری شرکت نہ کرنے کی وجہ جان کر آپ کا غصّہ جاتا رہے گا۔ شادی کارڈ کے مطابق آپ کی بارات ۱۵مارچ کو لاہور سے راولپنڈی روانہ ہو گی مگراللہ تعالیٰ حکمت دیکھیے کہ آج ہی آپ کا شادی کارڈ موصول ہوا ہے اور آج ہی ایک سرکاری چٹھی موصول ہوئی جس میں عمرے کی ادائیگی کے لیے روانگی کا اطلاع نامہ ہے۔ یہ عجیب اتفاق ہے کہ آپ کی بارات ۱۵ مارچ کو ہے اور میری روانگی ۱۴ مارچ صبح آٹھ بجے ہے۔

          پیارے دوست ! یہ تم ہی جانتے ہو کہ مجھے عمرےکی ادائیگی کی کس قدر چاہت ہے۔ اس مذہبی فریضے کی ادائیگی کو پورا کرنے میں تمھاری بھرپور مدد حاصل رہی ہے۔پاسپورٹ بنوانے اور سفری دستاویز  کی تیاری میں تم  نے جس طرح معاونت کی ہے میں تو اُس کا بھی مناسب الفاظ میں شکریہ ادا نہیں کرسکا۔ تمھاری شادی کی مجھےجس قدر چاہ تھی تمھی جانتے ہو، میں نے تو تیاری بھی مکمل کرلی تھی۔ لیکن اللہ کے دربار سےبلاوا انھی دنوں میں آیا جن دنوں آپ کی شادی ہے۔ اس مجبوری کے باعث میں آپ کی خوشی کی تقریب میں شرکت نہ کرسکوں گا۔

          اُمیدِواثق ہے کہ آپ میری معذرت کو مجبوری سمجھیں گے اور ایک اعلیٰ ظرف دوست کی طرح یہی چاہیں گے کہ میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے چلا جاؤں۔ تاہم اپنی شادی کے اس خوشی کے موقع پر مجھے اپنے دل سے دور مت سمجھیے گا۔ میری اور میرے والدین کی طرف سے زندگی کے اس نئے سفر کی پیشگی مبارکباد قبول کریں۔ خدا آپ کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ انشاء اللہ عمرے سے واپسی پر بہ نفس نفیس مبارک باد کے لیے حاضر ہوں گا۔

          آپ کے والدین کو سلام اور بہن بھائیوں کو پیار۔

                                                                                                والسلام

                                                                                                آپ کا مخلص دوست

                                                                                                الف۔ب۔ج


Share With Others

اس موضوع پر مزید پڑھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *